بھٹکل:11/مارچ (ایس او نیوز)جب آپ عوامی زندگی میں سفر کررہے ہیں تو سماجی خدمت کا جذبہ ہونا لازمی ہے، صرف انتخابات کی خاطر کام کرنا ٹھیک نہیں ہے، ملک کی بہتری کےلئے ضروری ہے کہ کانگریس کو ترقی دیں ، ان خیالات کا اظہار اترکنڑا ضلع نگراں کار وزیر آر وی دیش پانڈے نے کیا۔
وہ یہاں سنیچر کو مرڈیشور کے آر این ایس ہال میں اترکنڑا ضلع خواتین کانگریس سماویش کا افتتاح کرنےکے بعد خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم یا وزیر اعلیٰ کا عہدہ پانا اہم نہیں ہے بلکہ ملک میں سکیولرزم اور جمہوری نظام کے استحکام مزید مضبوط کرنا اہمیت رکھتاہے۔ کانگریس پارٹی تمام طبقات اور مذاہب کو اعتماد میں لے کر کام کرتی ہے، جب تک آپ عوام کے درمیان رہیں گے طویل عرصہ تک سیاست میں رہنا ممکن ہوپائے گا۔ بی جے پی سیکڑوں جھوٹ بول کر اشتہار بازی کے ذریعے عوام میں اعتماد پیدا کرنے کاکام کرتی ہے، میں آپ تمام کوایک دوست کی طرح بہت ہی قابل غو رپہلو کی طرف توجہ دینے کی ہدایت کرتاہوں کہ ریاست کی کانگریس حکومت نے بے شمار عوامی منصوبہ جات کو جاری کیا ہے، لیکن کسی کو اس کی خبر نہیں ہے، کہیں بھی اس کی تشہیر نہیں ہورہی ہے، پارٹی کارکنا ن کا اہم کا م یہ ہے کہ ان تمام فائدہ مند منصوبہ جات کو گھر گھر پہنچائیں ، اگر آپ عوام تک پہنچ کر منصوبہ جات کی اہمیت اور فائدوں کونہیں سمجھائیں گے تو کیا وزیراعلیٰ اور رکن اسمبلی گھر گھر جاکر سمجھائیں گے ؟ انہوں نے سوال کیا کہ گذشتہ چار سالوں میں ترقیاتی کاموں میں کونسی کمی ہوئی ہے، سڑکیں، دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی ، سیاحت کا فروغ ، بندر گاہوں کی ترقی سب کچھ ہواہے ، مزید کیا چاہئے۔ اب ان سب کے متعلق عوام تک معلومات اس طرح پہنچائیں کہ خود عوام ہم سے کہے کہ آپ نے بہترین کام کیا ہے۔
انہوں نے خواتین کے متعلق کہا کہ کانگریس پارٹی نے ملک میں عورتوں کی خود مختار ی کو ترجیح دی ہے۔ استری شکتی جیسے اسکیموں کےذریعے انہیں معاشی سطح پر بااختیار بنانے کی کوشش کی ہے۔ کستوری رنگن رپورٹ کے متعلق انہوں نےکہاکہ فاریسٹ اور مغربی گھاٹ کے تحفظ پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے، لیکن انسانوں کی بھی حفاظت ہواس سلسلے میں ریاستی حکومت، مرکز کو واضح طورپر اپنا فیصلہ بتائے گی۔ انہوں نے پارٹی لیڈران اور کارکنان سے کہاکہ وہ جدوجہد کے لئے تیار رہیں۔ اے آئی سی سی ممبر وشنو پرساد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت کی عوام مخالف پالیسی کے نتیجےمیں پٹرول ، ڈیزل ، پکوان گیس کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔
رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی لیڈران ہنگامہ مچارہے ہیں کہ سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کرنا کوئی ترقی نہیں ، انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ ان کے لئے ترقی کا مطلب شائد رقم کی لوٹ مارہوگی ۔انہوں نے کہا کہ بھٹکل ہوناور حلقہ میں کئی ترقیاتی کام ہوئے ہیں ، کئی ایک اندرونی دیہات کے لئے سرکاری بسیں دوڑ رہی ہیں، طلبا کا کہیں بھی احتجاج نہیں ہے۔ منہ میں ملک ، سنسکرتی کے متعلق بی جے پی والے چیخ پکار کرتے رہتے ہیں ، لیکن سچائی یہ ہے کہ انہیں ملک اور ملک کی سنسکرتی کے بارے میں رتی برابر فکر نہیں ہے، صرف بھاشن کی حد تک اُن کے سامنے ملک اور تہذیب ہے۔ ہمارے پاس کوئی قوت نہیں ہے ، لیکن عوام ہماری طاقت ہیں۔ کمٹہ کی رکن اسمبلی شارداشٹی نے کہا کہ موجودہ زمانے میں خواتین خود مختار ی کے زندگی گزار رہی ہیں۔ کاروار کے رکن اسمبلی ستیش سئیل، ریاستی ماہی گیر بورڈ کے صدر راجیندر نائک، کانگریس کی نگراں کار شیاملا بھنڈاری ، ضلع کانگریس خواتین شعبہ کی صدر تاراگوڈا، لیڈران سائی گاؤنکر ، ضلع پنچایت ممبر پشپا نائک، ونیتا نائک وغیرہ موجود تھے۔ ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر نے استقبال کیا ، ضلعی صدر بھیمنانائک نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔
اس موقع پر ہوناور تعلقہ پنچایت کے آزاد ممبران گایتری ستیش نائک، کملا منجوناتھ ہلیر، میرا سبرائے تانڈیل وغیرہ نے کانگریس میں شمولیت اختیارکی۔